ریاض۔16دسمبر (اے پی پی):سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین سے ملاقات کی۔
العربیہ کے مطابق سعودی وزیر دفاع نے ایکس پلیٹ فارم پر اپنے اکاؤنٹ میں کہا کہ شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات میں دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا ، خطے میں سلامتی اور استحکام کے حصول کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔دریں اثنا ءسعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اردن کے شہر عقبہ میں شام کے بارے میں عرب وزارتی رابطہ کمیٹی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں سعودی عرب، اردن ، عراق، مصر، متحدہ عرب امارات، بحرین ، قطر اور عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل نے شرکت کی۔ اجلاس میں شام کی صورت حال کی تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اور اس اہم مرحلے پر شامیوں کی قیادت میں عبوری سیاسی عمل کی حمایت کرنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔