سعودی ولی عہد سے جاپانی وزیر اعظم کی ٹیلی فونک گفتگو،غزہ کی صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا

70
سعودی ولی عہد سے جاپانی وزیر اعظم کی ٹیلی فونک گفتگو

ریاض ۔25اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب کے ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا نے ٹیلی فون کیا جس دوران دونوں رہنمائوں نے غزہ کی کشیدہ صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا۔

عرب نیوز کے مطابق سعودی ولی عہد نے کہا کہ ان کا ملک غزہ میں شہریوں کو نشانہ بنانے کے عمل کو گھنائونا جرم اور وحشیانہ عمل سمجھتا ہے۔انہوں نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے علاقائی و بین الاقوامی سلامتی اور امن و استحکام پر اس کشیدگی کے اثرات سے بچنے کے لیے امن کوششوں پر زور دیا۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے 7 اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد غزہ کی پٹی کو سیل اور اس کے 2.3 ملین لوگوں کےلیے خوراک، پانی، دوائوں اور ایندھن کا داخلہ روک دیا تھا۔