ریاض۔5ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عالمی آبی تنظیم کے قیام کا اعلان کر دیا۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق تنظیم کا صدردفترالریاض میں ہوگا اور یہ پائیدارآبی وسائل کے حصول کے لیے عالمی کوششوں کو مستحکم کرنے اور بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ تنظیم کے مقاصد میں علم اور مہارت کا تبادلہ، آبی ٹیکنالوجی کی ترقی، جدّت طرازی کی ترغیب اور تحقیق اور تجربات کا اشتراک شامل ہے۔
یہ تنظیم سب کے لیے پانی تک رسائی کو یقینی بناتے ہوئے آبی وسائل کی طویل مدت پائیداری کو یقینی بنائے گی اور اعلیٰ ترجیحی منصوبوں کے آغاز اور مالی اعانت کے لیے فعال طور پر وکالت کرے گی۔ یہ اقدام عالمی سطح پر پانی کی دستیابی سے وابستہ چیلنجزسے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کے عزم کی عکاسی کرتا اور ماحولیاتی استحکام کے لیے سعودی عرب کی وسیع وابستگی سے مطابقت رکھتا ہے۔