سعودی ولی عہد کا بحیرہ احمر کے تحفظ کے لیے قومی حکمت عملی کا اعلان

97

ریاض۔5دسمبر (اے پی پی):سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے بحیرہ احمر کے تحفظ کےلیے قومی حکمت عملی کا اعلان کیا ہے۔ایس پی اےکے مطابق قومی حکمت عملی جاری کرنے کا مقصد بحیرہ احمر کے ماحولیاتی نظام کو محفوظ بناتے ہوئے معیشت کی پائیداری کو مستحکم کرنا ہے جس کے ذریعے ’بلیو اکانومی‘کے متنوع ذرائع کو اختیار کرنا ہے جو مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب معاشی، جغرافیائی اور ثقافتی میدانوں میں نئی جہتوں کی جانب گامزن رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ریڈ سی سٹراٹیجی ملک میں ’بلیواکانومی‘ کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ثابت ہو گی ۔علاوہ ازیں ماحولیاتی تحفظ کے میدان میں بھی بہتری ہوگی جو بحیرہ احمر کے پورے علاقے کے لیے مفید ثابت ہو گا۔

یہ سٹراٹیجی مملکت کو عالمی سطح پر مستحکم معیشت کے حوالے سے ممتاز مقام فراہم کرے گی جبکہ تحقیق اور ترقی کے نئے سفر کا آغاز بھی ثابت ہوگا۔نئی حکمت عملی سے بحیرہ احمر کے قدرتی خزانوں کو محفوظ بناتے ہوئے شہریوں اور غیرملکی سیاحوں کے لیے بھی بہترین تفریحی کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔