سعودی پاکستانی مشترکہ تجارتی مشن کا جدہ میں 2روزہ اجلاس

66

جدہ ۔ 14 جنوری (اے پی پی) سعودی پاکستانی مشترکہ تجارتی مشن کا 2روزہ اجلاس جدہ میں ہوا جس میں 36 پاکستانی اور 80 سعودی غذائی اور تعمیراتی کمپنیوں کے نمائندوں نے دو طرفہ تجارت بڑھانے کے مواقع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ یہ اجلاس سعودی برآمدی فروغ اتھارٹی (سیڈا) میں ہوا۔ پاکستان کا کاروباری وفد سعودی فروغ برآمدی اتھارٹی کی دعوت پر سعودی عرب کادورہ کر رہا ہے جس کا مقصد باہمی تجارت کے فروغ کے لئے بات چیت کرنا ہے۔ سیڈا کے سیکرٹری جنرل صالح السلمی نے اس تقریب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تجارت میں اضافہ کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے وژن 2030 کے تحت تیل کے علاوہ دوسرے شعبوں میں برآمدات بڑھانے کے سعودی اقدامات کا ذکر کیا اور بتایا کہ سعودی عرب نے اس میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہے اور اسی وژن کے تحت پاکستان کے صنعت کاروں اور تاجروں کو دعوت دی گئی ہے۔