سعودی کمپنی ایکوا پاور پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے شعبے میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی

اسلام آباد ۔ 19 فروری (اے پی پی) سعودی کمپنی ایکوا پاور کی طرف سے پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے شعبے میں دو سال میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے لئے ونڈکوریڈور میں فزیبیلٹی سٹڈی جلد ہوںگی۔ ایکوا پاور مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، جنوبی افریقہ اور جنوب مشرقی ایشیاء کے 10ممالک میں بجلی کی پیداوار دیگر منصوبوں میں کام کر رہی ہے اس کے علاوہ پاکستان کے لئے سعودی فنڈ کی طرف سے بھی دیا میر بھاشا اور مہمند ڈیم ،جامشورو اور جاگراں پاور پلانٹس جیسے منصوبوں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو گی، وسط مدتی سرمایہ کاری کے تحت دو سے تین سال میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی جن میں چھوٹے پیٹروکیمیکلز منصوبے اور خوراک و زراعت کے منصوبے شامل ہیں جن پر مجموعی طور پر ایک ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو گی۔