سعودی ہدایات کے مطابق ملکی حج کوٹے کا ایک فیصد فلاحی عملہ سعودی عرب روانہ کرنا لازم ہے، مفتی عبدالشکور

96

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ سعودی ہدایات کے مطابق ملکی حج کوٹے کا ایک فیصد فلاحی عملہ سعودی عرب روانہ کرنا لازم ہے۔ دی نیوز میں شائع ہونے والی خبر حقائق کے منافی اور گمراہ کن ہے۔ پیر کو اپنے ایک وضاحتی بیان میں وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حج ڈیوٹی سٹاف کے حوالے سے 6 جون کو دی نیوز میں شائع ہونے والی خبر اور متعلقہ رپورٹر قاسم عباسی کا ٹویٹ حقائق کے منافی اور گمراہ کن ہے۔

کسی بھی ملک کے مجموعی حج کوٹے کا ایک فیصد فلاحی عملے کیلئے سعودی عرب کی جانب سے مختص کیا جاتا ہے۔ یہ عملہ اپنے اپنے ممالک کے حاجیوں کو سہولیات کی فراہمی اور خدمات کیلئے متعین کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری ہے۔ اس حوالے سے وفاقی کابینہ سے منظور ہونے والی حج پالیسی میں بھی تفصیلات موجود ہیں۔

اس عملہ میں ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ بھی شامل ہوتا ہے۔ اسی طرح حج معاونین حاجیوں کی ٹرانسپورٹ، کھانے پینے کے انتظامات سمیت دیگر خدمات کیلئے بھی تعینات کئے جاتے ہیں۔ ڈاکٹروں اور طبی عملہ کا انتخاب پاک فوج، پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر سول محکموں سے کیا جاتا ہے۔

کل عملہ کا 24 فیصد وزارت مذہبی امور اور ملحقہ اداروں پر مشتمل ہوتا ہے جو کہ سیزنل سٹاف کہلاتا ہے۔ یہ انتخاب معمول اور ضابطہ کے مطابق ہے لہٰذا مذکورہ خبر اور ٹویٹ حقائق کے برعکس اور گمراہ کن ہے۔