کابل ۔14اگست (اے پی پی):کابل میں پاکستان کے سفیر عبید الرحمان نظامانی نے کہا ہے کہ قوم جشن آزادی کے ساتھ ساتھ بھارت کے خلاف معرکہ حق میں تاریخی فتح کا جشن بھی منا رہی ہے، یہ فتح بھارت کی ننگی جارحیت کے سامنے پاکستان کی مضبوطی کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستانی قوم پوری عزم کے ساتھ اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتی ہے۔
انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی دور اندیش قیادت اور تحریک آزادی کے ہیروز کی بے پناہ قربانیوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ہماری مسلح افواج کے شہداء کی بہادری اور لگن کو سلام پیش کیا۔ سفیر عبید الرحمان نظامانی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کے خلاف آزادی کی جدوجہد جاری ہے، جہاں کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے لڑتے ہوئے ظلم و جبر برداشت کررہے ہیں۔
پاکستان کشمیری عوام اور ان کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، یہ ہمارا اجتماعی اور انفرادی فرض ہے کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں اور ہر پلیٹ فارم پر ان کی آزادی کی وکالت کریں۔
انہوں نے سفارتخانہ کے اعلیٰ حکام اور عملے پر زور دیا کہ ایک مضبوط، خوشحال اور مستحکم پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں۔ اس موقع پر یوم آزادی کے حوالہ سے جاری صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔