سفیر معین الحق نے انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے عہدے کا چارج سنبھال لیا

سفیر معین الحق نے انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے عہدے کا چارج سنبھال لیا ۔

اسلام آباد۔17جولائی (اے پی پی):سفیر معین الحق نے انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے عہدے کا چارج سنبھال لیا ۔

جمعہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق معین الحق نے اپنی مدتِ ملازمت مکمل کرنے والے سفیر سہیل محمود کی جگہ یہ ذمہ داریاں سنبھالیں۔ معین الحق اپنے ساتھ سفارت کاری اور اعلیٰ سطح کی پالیسی سازی کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے تقریباً 35 سال تک پاکستان کی فارن سروس میں خدمات انجام دیں اور وزارت خارجہ کے ہیڈکوارٹرز اور بیرونِ ملک پاکستانی سفارتی مشنز میں اہم ذمہ داریوں پر فائز رہے۔ ان کی آخری تعیناتی 2020 سے 2023 تک چین میں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے رہی۔ اس سے قبل وہ 2016 سے 2020 تک فرانس میں پاکستان کے سفیر اور 2007 سے 2010 تک وینکوور کینیڈا میں پاکستان کے قونصل جنرل کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے وزارت خارجہ میں ایڈیشنل سیکرٹری (انتظامیہ)، چیف آف پروٹوکول، ڈائریکٹر جنرل (یورپ) اور ڈائریکٹر (دفترِ سیکرٹری خارجہ) سمیت متعدد اہم عہدوں پر بھی فرائض انجام دیے۔ اپنے سفارتی کیریئر کے ابتدائی دور میں وہ برسلز، کولمبو اور انقرہ میں پاکستان کے سفارت خانوں میں تعینات رہے جبکہ انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے مستقل مشن میں بطور کونسلر بھی خدمات سرانجام دی ہیں۔