سلامتی کونسل میں ”بین الاقوامی دہشت گردی اور منظم جرائم“ پر مباحثہ سے اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی کا خطاب

71

اسلام آباد ۔ 10 جولائی (اے پی پی) دہشت گردی اور منظم جرائم کا گٹھ جوڑ ختم کرنے کے لئے بین الاقوامی کاوشوں کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان نے دہشت گردی اور منظم جرائم کی معاونت کرنے والی تنظیموں کے خاتمہ کے لئے عالمی کاوشوں کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ سے موصول ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ”بین الاقوامی دہشت گردی اور منظم جرائم“ کے موضوع پر ہونے والے مباحثہ سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان کا موقف بڑا واضح ہے اور پاکستان بین الاقوامی دہشت گردی اور منظم جرائم کے خاتمہ کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت جامع کاوشیں کر رہا ہے کیونکہ پاکستان دہشت گردی سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے پندرہ رکنی عالمی تنظیم کے ارکان کو بتایا کہ دنیا میں منشیات کے خاتمے کی بین الاقوامی کوششوں کے تحت پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے محدود وسائل کے باوجود ہر سال بھاری مقدار میں منشیات قبضے میں لی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ منشیات کی تجارت، اغواءبرائے تاوان، لوٹ مار قدرتی وسائل کی سمگلنگ اور انسانی سمگلنگ جنوبی ایشیاءکے خطے میں دہشت گرد تنظیموں کے مالی وسائل کے اہم ذرائع ہیں۔