میڈرڈ۔15نومبر (اے پی پی):سلواکیہ اورجاپان کی ٹیمیں ویمن ٹینس ایسوسی ایشن(ڈبلیو ٹی اے) بلی جین کنگ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں جبکہ امریکا اور رومانیہ کی ویمن ٹیمیں ابتدائی رائونڈ میں ہار کر ایونٹ سے باہر ہو گئی ہیں ۔سلواکیہ کی ویمن ٹیم نے بلی جین کنگ کپ کے ابتدائی رائونڈ میں امریکا کی ویمنز ٹیم کو شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ۔
جاپان نے بلی جین کنگ کپ کے پہلے رائونڈ میں رومانیہ کی ویمن ٹیم کو ہرا کر ٹاپ ایٹ رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ڈبلیو ٹی اے بلی جین کنگ کپ کے مقابلے سپین کے شہر ملاگاکے مارٹن کارپینا ایرینا میں کھیلے جارہے ہیں جس کے ویمنز سنگلز مقابلے کے ابتدائی رائونڈ میں سلواکیہ اور امریکا کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں ۔ سلواکیہ کی ویمنز ٹیم نے امریکی ویمنز ٹیم کو 1-2 سے شکست دی اور کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔
جاپان کی خواتین ٹیم نے رومانیہ کی ویمنز ٹیم کو 1-2 سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔بلی جین کنگ کپ کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں سلواکیہ کی ویمنز ٹیم کا مقابلہ آسٹریلیا کی ویمنز ٹیم سے ہوگا جبکہ جاپان کی خواتین ٹیم کا مقابلہ اٹلی کی خواتین ٹیم سے ہوگا۔