سماجی اور معاشرتی ترقی کیلئے تعلیم کا کردار بے حد اہم ہے، تعلیم کو بہتر مقاصد کے حصول کیلئے استعمال کیا جانا چاہئے، اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر طلباء اور طالبات کی بلاامتیاز حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے تیسرے کانووکیشن سے خطاب

اسلام آباد ۔ 06 فروری (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سماجی اور معاشرتی ترقی کیلئے تعلیم کا کردار بے حد اہم ہے، تعلیم کو بہتر مقاصد کے حصول کیلئے استعمال کیا جانا چاہئے، طب ایک انتہائی نیک پیشہ ہے، اس حوالہ سے ڈاکٹر معاشرہ کی بہتری کیلئے بہترین کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے تیسرے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر طلباء اور طالبات کی بلاامتیاز حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے، تعلیم کو بہتر مقاصد کے حصول کیلئے استعمال کیا جانا چاہئے، پاکستان نے ہر شعبہ میں بہترین پروفیشنلز تیار کئے ہیں تاہم برین ڈرین کی وجہ سے پاکستان اپنے قیمتی سرمایہ سے محروم ہو رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج ملک کو ترقی و خوشحالی کی منزل کی جانب گامزن کرنے کیلئے قابل لوگوں کی خدمات کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 25 سالوں کے دوران طب کے شعبہ میں گریجویٹ کرنے والوں میں 80 فیصد لڑکیاں ہیں جو کہ ایک حوصلہ افزاء پہلو ہے لیکن یہ بات بھی اہم ہے کہ ان میں سے صرف 20 سے 25 فیصد ہی اپنا پروفیشن جاری رکھ پاتی ہیں جو قومی وسائل کے ضیاع کے مترادف ہے۔ صدر مملکت نے خواتین گریجویٹس پر زور دیا کہ انہوں نے انتہائی اعلیٰ درجہ کا ہنر حاصل کیا ہے اس لئے انہیں مستقبل کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے اس پہلو کو مدنظر رکھنا چاہئے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حصول علم پر ہونے والے اخراجات اگر مطلوبہ نتائج فراہم نہ کرسکیں تو یہ قومی وسائل پر بوجھ ثابت ہوسکتے ہیں اور یہ بوجھ معاشرے اور خود پروفیشن کو بھی برداشت کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی صلاحیتوں سے مکمل طور پر استفادہ کرنے کیلئے ان کی پیشہ وارانہ استعداد اور مہارت کے مطابق انہیں معاشرہ میں نمایاں مقام دیا جانا چاہئے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کانووکیشن میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء کو میڈلز اور اسناد بھی عطاء کیں۔