وزیراعظم شہباز شریف کی ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور بن ابراہیم سے ٹیلی فون پر گفتگو، دوطرفہ تعاون کی موجودہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار

پاکستان اور ملائشیا کے وزرائے اعظم نے دوطرفہ تعاون کی موجودہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس رفتار کو مزید بڑھانے بالخصوص باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):پاکستان اور ملائشیا کے وزرائے اعظم نے دوطرفہ تعاون کی موجودہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس رفتار کو مزید بڑھانے بالخصوص باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور بن ابراہیم سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی گفتگو کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر انور ابراہیم کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دونوں وزرائے اعظم نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ تعاون کی موجودہ مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنمائوں نے اس رفتار کو مزید آگے بڑھانے بالخصوص باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔گفتگو کے دوران علاقائی صورتحال بالخصوص خلیج کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ ڈاکٹر انور ابراہیم نے پاکستان کی علاقائی امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قابل تحسین کوششوں، قیادت اور رہنمائی پر اظہار تشکر کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مسلسل حمایت پر اپنے ملائیشین ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امن کے فروغ کے لیے ملائیشیا سمیت برادر اور دوست ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا، بالخصوص مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ دونوں رہنمائوں نے مستقبل قریب میں باہمی طور پر موزوں موقع پر ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعظم ڈاکٹر انور ابراہیم کو اپنی سہولت کے مطابق جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دہرائی۔

مزید خبریں