دو دہائیوں بعد بھی ہم اپنی قائد شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سمیت اپنے شہداء کو نہیں بھولے ، نثار احمد کھوڑو

دو دہائیوں بعد بھی ہم اپنی قائد شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سمیت اپنے شہداء کو نہیں بھولے ، نثار احمد کھوڑو

کراچی۔ 18 اکتوبر (اے پی پی):شہدائے سانحۂ کارساز 2007 کی برسی کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کے تحت قُرآن خوانی و تعزیتی اجتماع کا اہتمام دنر روڈ پر واقع خالق دینا ہال میں کیا گیا، تقریب سے مہمان خصوصی صدر پاکستان پیپلز پارٹی سندھ نثار احمد کھوڑو، جنرل سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی سندھ سینیٹر وقار مہدی ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری پی پی پی سندھ و وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حُسین شاہ صدر پی پی پی ضلع جنوبی جاوید ناگوری نے خطاب کیا ۔کارکنان و شہداء کے لواحقین سے خطاب کرتے ہوئے صدر پی پی پی سندھ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ آج دو دہائیوں بعد بھی ہم اپنی قائد شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سمیت اپنے شہداء کو نہیں بھولے ۔

ہمیں یہ معلوم ہے کہ جو پاکستان کے عوام پر حملہ کرتا ہے، وہ پاکستان پیپلز پارٹی پر حملہ کرتا ہے۔ آج ہم شہدائے جمہوریت کو یاد کر رہے ہیں، جو 18 اکتوبر کے سانحے میں ہم سے بچھڑ گئے۔ آج یوم شہداء پر ہم سب مل کر عہد کرتے ہیں کہ ہم اس ملک کی بقا اور فلاح کے لئے ہر قدم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے شانہ بشانہ رہیں گے – تقریب سے خطاب میں جنرل سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی سندھ سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی پاکستان آمد کے موقع پر کراچی میں لاکھوں لوگوں کا جم غفیر پیغام دے رہا تھا کہ عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے کارواں پر حملہ کیا اُس دن اور تاریخ کی آنکھوں نے یہ بات دیکھی کہ جیالوں نے کشت و خون سے گھبرانے کی بجائے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی ڈھال بن کر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے اور اپنی قائد کی حفاظت کی-

پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کی جانب سے خالق دینا ہال میں منعقدہ قُرآن خوانی و تعزیتی اجتماع میں پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کی سینئر نائب صدر حاجی عبدالمجید ، پاکستان پیپلز ہارٹی ضلع جنوبی کے جنرل سیکریٹری تیمور علی سیال ، سیکریٹری اطلاعات فرید میمن ، پی پی پی منارٹی ونگ سندھ کے صدر لال چند اکرانی صدر پیپلز لیبر بیورو کراچی اسلم سموں ، لیاری سے منتخب ممبر قومی اسمبلی سردار نبیل گبول ، مشُیر وزیر اعلیٰ سندھ سید نجمی عالم لیاری سے منٹخب ممبر صوبائی اسمبلی سینیٹر یوسف بلوچ ، ممبر صوبائی اسمبلی سعدیہ جاوید ٹاؤن چیئرمین لیاری خلیل ہوت سمیت پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کے عہدیداران ، کارکنان اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہدائے کارساز کو خراج عقیدت پیش کیا ، تقریب کے اختتام پر دعا کی گئی بعد ازیں کارساز کے مقام پر شہید ہونے والے کارکنان کی یاد میں صدر پاکستان ہیپلز پارٹی سندھ نثار احمد کھوڑو ، جنرل سیکریٹری پی پی پی سندھ سید وقار مہدی سمیت کارکنان نے شمعیں روشن کیں۔