جرائم کی روک تھام کیلئے پٹرولنگ، ناکہ بندی اور سرچ آپریشنز مزید مؤثر بنائے جائیں، آئی جی پنجاب کی ہدایت

راولپنڈی ۔21اگست (اے پی پی):آئی جی پنجاب عبدالکریم نے جرائم کی روک تھام کیلئے پٹرولنگ، ناکہ بندی اور سرچ آپریشنز مزید مؤثر بنانے، پولیس حراست سے ملزمان کے فرار کے واقعات پر زیرو ٹالرنس اختیار کرنے اور عید میلادالنبیؐ کے موقع پر مذہبی اجتماعات و جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ریجنل پولیس آفس راولپنڈی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے راولپنڈی …

راولپنڈی ۔21اگست (اے پی پی):آئی جی پنجاب عبدالکریم نے جرائم کی روک تھام کیلئے پٹرولنگ، ناکہ بندی اور سرچ آپریشنز مزید مؤثر بنانے، پولیس حراست سے ملزمان کے فرار کے واقعات پر زیرو ٹالرنس اختیار کرنے اور عید میلادالنبیؐ کے موقع پر مذہبی اجتماعات و جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ریجنل پولیس آفس راولپنڈی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے راولپنڈی ریجن میں جرائم کی صورتحال، امن و امان، سکیورٹی اور پولیسنگ کے مجموعی امور کا جائزہ لیا۔

انہوں نے جرائم کی روک تھام، سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری، مقدمات کی تفتیش، اشتہاری و عادی ملزمان کے خلاف کارروائیوں اور عید میلادالنبیؐ کے سکیورٹی انتظامات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے محفوظ پنجاب وژن کے تحت جرائم کی روک تھام کیلئے مؤثر پٹرولنگ، ناکہ بندی، سرچ آپریشنز اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور مقدمات کی میرٹ پر تفتیش یقینی بنائی جائے جبکہ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے اور انہیں بروقت انصاف کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے پولیس حراست سے ملزمان کے فرار کے واقعات پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی سطح پر غفلت، لاپرواہی یا ناقص نگرانی برداشت نہیں کی جائے گی۔ حوالات میں موجود زیرِحراست ملزمان، ان کی حوالگی اور منتقلی کے تمام مراحل کی مؤثر نگرانی کی جائے اور سکیورٹی ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔عید میلادالنبیؐ کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام مذہبی اجتماعات، جلوسوں اور اہم مقامات کیلئے جامع اور فول پروف سکیورٹی منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

جلوسوں کے راستوں، اجتماعات کے مقامات، داخلی و خارجی راستوں اور حساس مقامات کی مؤثر نگرانی کی جائے جبکہ سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو ان کی ذمہ داریوں کے بارے میں مکمل بریفنگ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ مذہبی اجتماعات کے دوران تمام مکاتبِ فکر کے علماء، منتظمین اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مؤثر رابطہ و رابطہ کاری برقرار رکھی جائے۔

امن و امان کے قیام کیلئے پولیس افسران خود میدان میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کریں۔اجلاس میں راولپنڈی ریجن میں امن و امان کی صورتحال، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پولیس کی مجموعی کارکردگی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے قانون کی بالادستی، جرائم کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔