ڈپٹی کمشنر ملتان کا جنرل بس سٹینڈ اور وہاڑی چوک کو تجاوزات سے پاک کرنے کا حکم

"شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، تجاوزات کے خاتمے اور حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، ڈاکٹر فیصل سلیم”

ملتان۔ 21 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے جنرل بس سٹینڈ اور وہاڑی چوک سمیت شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، تجاوزات کے خاتمے اور حادثات کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو جنرل بس سٹینڈ میں مناسب جگہ فراہم کرکے غیر قانونی بس سٹاپس فوری ختم کرنے کی ہدایت بھی کی۔یہ ہدایات انہوں نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں سیکرٹری آر ٹی اے محسن نثار اور ضلعی افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ، وہاڑی چوک اور دیگر اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے عوامل کا فوری تدارک کیا جائے اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ڈاکٹر فیصل سلیم نے روڈز پر ٹریفک انجینئرنگ اور روڈ فرنیچر مکمل کرنے کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو محفوظ اور رواں ٹریفک کی سہولت فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ٹریفک حادثات میں کمی کیلئے جامع پلان تشکیل دینے اور ڈرائیورز کی تربیت و ٹریفک قوانین سے آگاہی کیلئے خصوصی مہم شروع کرنے کا بھی حکم دیا۔ڈپٹی کمشنر نے غیر محفوظ طریقے سے ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے والی کمرشل گاڑیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے موٹر سائیکل سواروں کیلئے ہیلمٹ کی پابندی یقینی بنانے، خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف کارروائی اور اوور لوڈنگ و ایکسل مینجمنٹ کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کیلئے خصوصی چیکنگ ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔

مزید خبریں