آر پی او فیصل آباد کی کھلی کچہری،ریجن بھر سے 270 سے زائد سائلین کی درخواستوں پر سماعت کی گئی

آر پی او فیصل آباد کی کھلی کچہری میں 270 سے زائد سائلین کی درخواستوں پر سماعت، 92 سے زائد درخواستوں پر موقع پر فوری داد رسی کے احکامات

فیصل آباد۔ 21 اگست (اے پی پی):آر پی او فیصل آباد کی کھلی کچہری،ریجن بھر سے 270 سے زائد سائلین کی درخواستوں پر سماعت کی گئی، 92سے زائد درخواستوں پر موقع پر ہی فوری داد رسی کے احکامات جاری کئے گئے جبکہ باقی درخواستیں انکوائری کے لیے متعلقہ افسران کو بھجوا دی گئیں۔

ترجمان ریجنل پولیس رضوان بھٹی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ریجن فیصل آباد میں عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا نےریجنل پولیس آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔کھلی کچہری میں ریجن بھر سے 270 سے زائد سائلین کی درخواستوں پر سماعت کی گئی۔ آر پی او نے 92 سے زائد درخواستوں پر موقع پر ہی فوری داد رسی کے احکامات جاری کئے ۔باقی ماندہ درخواستیں انکوائری کے لیے متعلقہ افسران کو بھجوا دی گئیں۔تمام درخواستوں پر متعلقہ افسران کو مقررہ مدت میں قانونی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔اس موقع پر آر پی او نے کہا کہ شہریوں کو فوری، شفاف اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔کمزور اور مظلوم طبقے کو بروقت انصاف فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔شہریوں سے بدسلوکی اور مقدمات کے اندراج میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں ہوگی۔تمام مقدمات کی تفتیش میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق مکمل کی جائے۔اثر و رسوخ سے بالاتر ہو کر انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو دہلیز پر فوری اور مؤثر انصاف فراہم کرنا ہے۔عوام کا پولیس پر اعتماد بحال کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔