وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ملتان، جھنگ، سرگودھا روٹ پر ٹرین سروس بحال کرنے کا افتتاح کرتے ہوئے ریلوے کے آٹھ مزید روٹس اپ گریڈ کرنے، چین سے جدید ٹرینیں حاصل کرنے اور جھنگ میں ڈرائی پورٹ کے قیام کے لیے کارگو ٹرین سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ملتان، جھنگ، سرگودھا ٹرین بحال، آٹھ روٹس اپ گریڈ کرنے کا اعلان کردیا

مزید خبریں
جھنگ ۔ 21 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ملتان، جھنگ، سرگودھا روٹ پر ٹرین سروس بحال کرنے کا افتتاح کرتے ہوئے ریلوے کے آٹھ مزید روٹس اپ گریڈ کرنے، چین سے جدید ٹرینیں حاصل کرنے اور جھنگ میں ڈرائی پورٹ کے قیام کے لیے کارگو ٹرین سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے جمعہ کو جھنگ صدر ریلوے اسٹیشن پر ٹرین سروس کی بحالی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان، جھنگ، سرگودھا ٹرین کی بحالی وزیراعظم محمد شہباز شریف کی منظوری کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جھنگ کے اس اہم مسئلے کی جانب وزیراعظم کی توجہ مبذول کرائی گئی تو انہوں نے فوری طور پر اس کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملکی سیاست میں کارکردگی اور عملی خدمت کا تصور پس منظر میں چلا گیا ہے تاہم انہیں فخر ہے کہ وہ پاکستان کی خدمت اور ترقی کے لیے کام کرنے والے گروپ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے ملتان، جھنگ، سرگودھا ٹرین کی بحالی کا کریڈٹ جی ڈی اے رہنما ڈاکٹر معظم وحید شیخ کو دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس معاملے کو مسلسل اجاگر کیا۔ حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے راولپنڈی، لاہور روٹ کے علاوہ مزید آٹھ روٹس کو اپ گریڈ کرے گا تاکہ مسافروں کو بہتر، محفوظ اور جدید سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین سے نئی ٹرینیں حاصل کرنے کا بھی منصوبہ رکھتا ہے جن میں تقریباً ایک ہزار مسافروں کے سفر کی گنجائش ہوگی۔
انہوں نے جی ڈی اے رہنما ڈاکٹر معظم وحید شیخ کے دونوں مطالبات تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ جھنگ میں ڈرائی پورٹ کی تیاری کا عمل شروع کیا جائے اور پاکستان ریلوے اس سلسلے میں کارگو ٹرین فراہم کرے گا جبکہ ایئرکنڈیشنڈ بوگی کی سہولت بھی دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جھنگ میں عوام کے اندر جس جذبہ حب الوطنی کا مشاہدہ کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت کسی مخصوص علاقے یا حدود و قیود تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ عوامی فلاح کا دائرہ وسیع ہونا چاہیے۔ قومی سلامتی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن، معمولات زندگی اور ترقی کا تسلسل ان جوانوں کی قربانیوں کا مرہون منت ہے جو اپنی جانیں وطن پر نچھاور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پاکستان کے وزیراعظم اور سپہ سالار کو عظیم قرار دیتے ہوئے پاکستان کی جانب سے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دینے کا ذکر کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پراکسی عناصر کے ذریعے بدامنی پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں،تاہم پاکستانی افواج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک کو درپیش خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے پاکستان کی فوج کی صلاحیتوں کو تسلیم کیا ہے اور اسے بہترین افواج میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان نے کہا کہ اگر پاک فوج کے جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش نہ کریں تو اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے بڑے شہروں کی رونقیں بھی برقرار رکھنا مشکل ہو جائے۔ انہوں نے شہداء کے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جو ماں اپنے جوان بیٹے کو وطن کے دفاع کے لیے بھیجتی ہے وہ اسے تنخواہ کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے لیے بھیجتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید کی موت دراصل قوم کی حیات ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عظیم سپہ سالار سید عاصم منیر اور انتھک وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن اور بلند ہوا ہے اور ان شاء اللہ ملک میں ترقی کے دن اب دور نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سپہ سالار سید عاصم منیر کو سلام پیش کرتے ہیں اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے جاری اقدامات کو سراہتے ہیں۔ حنیف عباسی نے جھنگ میں صفائی کی صورتحال، بہتر سڑکوں، ستھرا پنجاب پروگرام اور گرین بسوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی اور شہری سہولیات میں بہتری دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی اور وہ ان اقدامات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے ہسپتال ہوں یا موٹرویز، عوامی خدمت کے بڑے منصوبے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی ترجیحات کا حصہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی عوام کی خدمت اور بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس موقع پر جی ڈی اے جھنگ کے رہنما ڈاکٹر معظم وحید شیخ نے ٹرین سروس کی بحالی پر وفاقی وزیر ریلوے کا جھنگ کے عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ جھنگ پنجاب کے پسماندہ ترین اضلاع میں شمار ہوتا ہے جہاں تقریباً 27 لاکھ آبادی میں سے 10 لاکھ افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے محدود مواقع، طلبہ کے لیے سکولوں اور کالجوں تک رسائی کے مسائل اور صحت کی سہولیات کی کمی کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈاکٹر معظم وحید شیخ نے کہا کہ ملتان، جھنگ، سرگودھا ٹرین کی بحالی سے علاقے کے عوام کو سفری سہولت کے ساتھ ساتھ روزگار، تجارت، تعلیم اور صحت کے مواقع تک رسائی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے ٹرین کی بحالی کو جھنگ کی ترقی کی ”پہلی اینٹ“ قرار دیا۔ تقریب سے سابق صوبائی وزیر فیصل حیات جبوانہ، ایم پی اے بیگم عابد بشیر اور شیخ مکرم وحید نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر جھنگ، پاکستان ریلوے کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، مقامی عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔







