خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی سرپرستی میں ان کی اہلیہ شہزادی فہدہ بنت فلاح آل حثلین نے 46ویں شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی حفظ، تلاوت اور تفسیر قرآن کریم مقابلے کے خواتین کے شعبے کی فاتحین میں انعامات تقسیم کیے۔ خواتین کے شعبے کی اختتامی تقریب مکہ مکرمہ میں وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے …
شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی قرآن مقابلہ، شہزادی فہدہ بنت فلاح آل حثلین نے خواتین فاتحین میں انعامات تقسیم کئے
مکہ مکرمہ۔21اگست (اے پی پی):خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی سرپرستی میں ان کی اہلیہ شہزادی فہدہ بنت فلاح آل حثلین نے 46ویں شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی حفظ، تلاوت اور تفسیر قرآن کریم مقابلے کے خواتین کے شعبے کی فاتحین میں انعامات تقسیم کیے۔ خواتین کے شعبے کی اختتامی تقریب مکہ مکرمہ میں وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد وزیر اسلامی امور، دعوت و ارشاد شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ کا ریکارڈ شدہ خطاب پیش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مقابلے کا 46واں ایڈیشن اس کی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہے کیونکہ اس مرتبہ پہلی بار خواتین کی بین الاقوامی سطح پر شرکت کے ساتھ خواتین مقابلہ کنندگان کے لیے الگ اختتامی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کہا کہ یہ پیش رفت سعودی قیادت کی جانب سے مقابلے کے لیے فراہم کردہ مسلسل سرپرستی اور بھرپور تعاون کی عکاس ہے۔
انہوں نے تمام شرکاء کو مقابلے میں شرکت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم حفظ کرنے والوں کا حقیقی اعزاز اس امر میں ہے کہ وہ قرآن کی تعلیمات کو اپنے علم، کردار، اخلاق اور طرزِ عمل میں عملی طور پر اختیار کریں۔انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کے حافظ اپنے ممالک کے لیے خیر و بھلائی کے مثالی سفیر بنیں اور قرآن کی عظیم تعلیمات کو اپنے عمل اور کردار کے ذریعے دنیا تک پہنچائیں۔تقریب میں قرآن کریم کی حفظ، تلاوت اور فہم کے فروغ، بالخصوص خواتین میں قرآنی تعلیمات کی حوصلہ افزائی کے لیے مملکت سعودی عرب کی کاوشوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔








