آئی جی عبدالکریم کے حکم پر صوبہ بھر میں نماز جمعہ کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہی

جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی مزید سخت، مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور حساس مقامات پر پولیس کی نگرانی بڑھا دی گئی

لاہور۔21اگست (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔ آئی جی پنجاب کی ہدایات پر مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی مزید موثر بنائی گئی جبکہ اہم شاہراہوں، عبادت گاہوں اور کاروباری مراکز کے اطراف پولیس کی پٹرولنگ اور نگرانی کو یقینی بنایا گیا۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈی پی اوز سمیت سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں اور سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ لا اینڈ آرڈر کا قیام، شہریوں کی جان و مال اور املاک کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ آئی جی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر نماز جمعہ کے بعد پولیس افسران نے مختلف مساجد میں شہریوں سے ملاقاتیں کیں، ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے۔آئی جی پنجاب نے سینئر افسران کو تاکید کی کہ وہ شہریوں کے گھر کی دہلیز پر ان کے مسائل سنیں اور ان کے حل کو یقینی بنائیں۔