سمندر پار پاکستانیوں کے اثاثوں اور جائیدادوں پر کسی قسم کا غیر قانونی قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا،وزیرداخلہ محسن نقوی

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے اہم اور فیصلہ کن اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے اثاثوں اور جائیدادوں پر کسی قسم کا غیر قانونی قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے اسلام آباد انتظامیہ …

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے اہم اور فیصلہ کن اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے اثاثوں اور جائیدادوں پر کسی قسم کا غیر قانونی قبضہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے اسلام آباد انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی اوورسیز پاکستانی اپنی جائیداد پر غیر قانونی قبضے کی اطلاع دیتا ہے تو ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد اس معاملے کا ہر صورت 7 روز کے اندر فیصلہ کرنے کے پابند ہوں گے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی جائیدادوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا اور کسی کو بھی ان کی محنت کی کمائی پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔محسن نقوی نے وفاقی دارالحکومت (آئی سی ٹی) میں سرمایہ کاری کرنے والے پاکستانیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرمایہ کاری کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے وعدہ کیا کہ حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو ایک محفوظ اور ’انویسٹر فرینڈلی‘ ماحول فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جائیدادوں اور اثاثوں کے تحفظ کے لیے شفاف اور فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے اثاثے سو فیصد محفوظ رہ سکیں۔