سمیڈا اورپیسک کے مشترکہ وفد کا آئر لینڈ کا دورہ ، پاکستانی ایس ایم ایز کیلئے برآمدی مواقع پیدا کئے ہیں، ترجمان

76
اقوام متحدہ اور انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کی دنیا بھر میں 114 ملین افراد کی زندگیوں کو بچانے کے لئے ہنگامی امداد کی اپیل

لاہور۔6فروری (اے پی پی):سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن (پیسک) کے مشترکہ وفد نے آئر لینڈ کا دورہ کیا اور پاکستانی ایس ایم ایز کیلئے برآمدی مواقع پیدا کئے ہیں۔ ترجمان سمیڈا نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کے دوران بتایا کہ مشترکہ وفد نے دورہ کے دوران آئر لینڈ میں منعقدہ بین الاقوامی تجارتی میلے شوکیس آئر لینڈ۔ 2024 ء میں پاکستانی ایس ایم ایز کو متعارف کروایا۔

اس تاریخی دورے کی کامیابی میں سمیڈا کے سابق سی ای او فرحان عزیز خواجہ کی کوششیں کار فرما ہیں، انہوں نے آئرلینڈ میں تعینات پاکستانی سفیر عائشہ فاروقی کے ساتھ متعدد آن لائن نشستوں کے ذریعے سمیڈا اور پیسک کے روابط سفارت خانے کے ساتھ استوار کئے۔ سمیڈا کی طرف سے ایکسٹرنل ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ شہر یار طاہر بھی وفد میں شامل تھے۔

شوکیس آئر لینڈ کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ اس عالمی تجارتی میلے میں 3 ہزار سے زائد بین الاقوامی خریداروں نے پاکستانی مصنوعات میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ برطانیہ، امریکہ، یورپ اور فار ایسٹ کے خریداروں کی توجہ پاکستانی ہینڈی کرافٹس پر مرکوز رہیں۔

اس موقع پر متعدد انٹرنیشنل بزنس ایکسپرٹس نے پاکستانی اہلکاروں کو مشورہ دیا کہ پاکستان کی ہینڈی کرافٹس کو عالمی منڈیوں میں پرزورطریقے سے متعارف کرایا جانا چاہیےکیونکہ ترقی یافتہ ملکوں میں مشینوں کے فروغ کی وجہ سے ہاتھ سے بنی اشیا ناپید ہو چکی ہیں جبکہ پاکستان میں دستکاریوں کی تیاری کا عمل تاحال جاری ہے۔

پاکستان موثر حکمت عملی سے عالمی منڈی کے اس خلا سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ ترجمان کے مطابق آئرلینڈ میں مقیم پاکستانی سفیر عائشہ فاروقی نے سمیڈا اور پیسک کے مشترکہ وفد کی آئر لینڈ آمد کو ایک تاریخی دورہ قرار دیا اور امید کی کہ اس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان ایس ایم ایز کے شعبے میں اشتراک عمل کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔ انہوں نے اس دورے کو کامیاب بنانے میں پاکستان آئر لینڈ بزنس کونسل کے تعاون کو خصوصی طور پر سراہا۔