وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سمیڈا ملک کے طول و عرض میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری حضرات کی مالی معاونت کے لیےجامع حکمت عملی وضع کرے ، سمیڈا کی کاروبار کے فروغ کی حکمت عملی میں زیادہ سے زیادہ علاقوں اور شعبہ جات کو شامل کیا جائے۔
سمیڈا چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں، کاروباری حضرات کی مالی معاونت کے لیےجامع حکمت عملی وضع کرے ، وزیراعظم

مزید خبریں
اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سمیڈا ملک کے طول و عرض میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری حضرات کی مالی معاونت کے لیےجامع حکمت عملی وضع کرے ، سمیڈا کی کاروبار کے فروغ کی حکمت عملی میں زیادہ سے زیادہ علاقوں اور شعبہ جات کو شامل کیا جائے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق بدھ کو اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتوں اور کاروباری افراد کی مالی معاونت اور سہولیات کی فراہمی کے لیے سمیڈا کی زیر نگرانی جاری اقدامات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے سمیڈا کو کاروباری حضرات کی مالی امداد، پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافہ اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے جامع حکمت عملی مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سمیڈا مختلف متعلقہ اداروں کے ساتھ باہمی تعاون سے مربوط اور جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت ہارون اختر، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور متعلقہ سرکاری اداروں کی عہدے داران نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سمیڈا ملک کے طول و عرض میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروباری حضرات کی مالی معاونت کے لیے جامع حکمت عملی وضع کرے ، سمیڈا کے ادارہ جاتی مقصد میں ملک کے تمام علاقوں میں کاروباری ترغیب اور مساوی سہولیات اور یکساں فنی معاونت سرفہرست ہونا چاہیے، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور کاروبار میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے سمیڈا کے جاری پروگرام کو مزید وسعت دی جائے، مقامی کاروباری افراد کی قومی اور عالمی سطح پر تجارتی منڈیوں تک رسائی کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو موثر طریقے سے استعمال کیا جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سمیڈا کی کاروبار کے فروغ کی حکمت عملی میں زیادہ سے زیادہ علاقوں اور شعبہ جات کو شامل کیا جائے، زرعی اجناس کے پیداواری اور تجارتی روابط کو منظم کرنے کے لیے سمیڈا خصوصی اقدامات پر مشتمل حکمت عملی تیار کرے، کاروباری افراد کی مالی معاونت، فنی استعداد کار میں اضافہ اور سہولیات کی فراہمی پر یکساں توجہ دی جائے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی تقویت اور کاروباری افراد کی معاونت کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، چھوٹے کاروبار سے منسلک صنعتی پیداوار کی برآمدات میں اضافے اور عالمی منڈیوں تک رسائی کےلیےدنیا کے بہترین رائج اطوار پر کام کیا جا رہا ہے۔







