سندھی ۔اردو زبان کی شاعرہ، افسانہ نگار ،معلم سیما عباسی کی سالگرہ ہفتہ کو منائی گئی

سندھی ۔اردو زبان کی شاعرہ، افسانہ نگار ،معلم سیما عباسی کی سالگرہ ہفتہ کو منائی گئی

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):سندھی اور اردو زبان کی شاعرہ، افسانہ نگار اور معلم سیما عباسی کی سالگرہ ہفتہ کو منائی گئی ۔ ان کا اصل نام سيما پروين عباسی ہے اور وہ 18 اپريل 1973کو لعل محمد عباسی کے گھر لاڑکانہ میں پيدا ہوئيں۔سیما عباسی نے ابتدائی تعليم گورنمنٹ پرائمری سکول لاڑکانہ سے حاصل کی۔ انہوں نے جامعہ شاہ عبد اللطیف، خيرپور ميرس سے 1995 میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔سيما عباسی تعلیم کے حصول کے بعد درس و تدریس کے شعبہ سے وابستہ ہوگئيں۔ 2005 میں پبلک سروس کميشن کا امتحان پاس کرکے لاڑکانہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں ليکچرار مقرر ہوئيں۔ انہوں نے لکھنے کی ابتدا 1985میں نورالہدی شاہ سے متاثر ہو کر کی۔

انہوں نے اردو اور سندھی زبان کو اظہار کا ذریعہ بنایا۔ سیما عباسی کا پہلا افسانہ اردو ڈائجسٹ سچی کہانياں میں شائع ہوا۔ ان کی شاعری اور معتدد کہانیاں کاوش (اخبار)، ہزار داستان ڈائجسٹ، آداب عرض، سورمی، سندھ رانی، نئی آس، سچی کہانیاں ، روزنامہ نوائے وقت اور روزنامہ عوامی آواز نامی اخبارات و رسائل میں شائع ہو چکے ہیں۔ سيما عباسی سندھی ادبی سنگت کراچی، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی، ينگ رائيٹرز فورم حيدرآباد، ادبيات اکيڈمی کراچی کی عہديدار اور رکن بھی رہ چکی ہیں۔

مختلف ادبی رسالوں کی جانب سے اس کے بہت سے ادبی نمبر نکالے گئے ہیں۔سیما عباسی نے اردو میں بھی شاعری کی ہے جو مختلف ادبی جرائد میں شائع ہو چکی ہے۔سیما عباسی کی ادبی خدمات کے صلہ میں ينگ رائيٹرز فورم کراچی کی جانب سے سپر ايکسيلينس ایوارڈ سمیت مختلف ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ ان کی سالگرہ کے موقع پر علمی و ادبی حلقوں کی جانب سے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

 

مزید خبریں