جیکب آباد۔ 08 نومبر (اے پی پی):سندھ بھر سے غیر قانونی طور پر بھیجے گئے غیر ملکیوں کو ان کے وطن واپس بھیجنے کا عمل تیزی سے جاری ہے،
اس سلسلے میں 142 غیر ملکیوں کا قافلہ بدھ کی صبح ساڑھے 11 بجے جیکب آباد کی ضلعی انتظامیہ کے قائم کردہ ہولڈنگ کیمپ پر پہنچا، ہولڈنگ پوائنٹ پر کھانے پینے اور طبی سہولیات سمیت دیگر تمام بنیادی سہولیات فراہم کی گئی جس کے بعد ہولڈنگ پوائنٹ پر بھیجے گئے 142 غیر ملکیوں میں سے 141 کو سخت سکیورٹی میں چمن بارڈر پر بھیج دیا گیا ہے جب کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی درخواست پر 142 غیر ملکیوں میں ایک 16 سالہ نوجوان کو چھوڑ دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کی ہدایت پر لاڑکانہ کے کمشنر کی جانب سے اسے اپنے ملک نہیں بھیجا گیا کیونکہ نوجوان کے والدین افغان پناہ گزین ہیں اور نوجوان کا ڈیٹا پاکستان میں دستیاب نہیں ہے، اس لیے نوجوان کو فلحال ہولڈنگ پوائنٹ پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جیکب آباد دادلو خان زہرانی نے اپنے وطن واپس جانے والے پردیسیوں کے قافلے کو رخصت کیا اور ان میں کھانے پینے اشیاء تقسیم کیں۔
اس حوالے سے پردیسیوں نے وفاقی حکومت، سندھ حکومت اور جیکب آباد کی ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ ہولڈنگ پوائنٹ پر پہنچنے پر جیکب آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ان کے ساتھ بہترین سلوک کیا ہے اور ان کی مہمان نوازی کی ہے,خوراک اور میڈیکل سمیت تمام سہولیات فراہم کیں جس کے لیے ہم حکومت پاکستان کے بے حد مشکور ہیں۔ آخر میں وطن واپس جانے والے پردیسیوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔