سکھر۔ 18 جون (اے پی پی):سندھ حکومت کی پلاسٹک بیگز کی تیاری، استعمال اور فروخت پر مکمل پابندی کے پیش نظر سکھر میں عملدرآمد کی کارروائی شروع کردی گئی ۔ اس سلسلے میں محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی کے صوبائی سیکرٹری آغا شاہنواز خان اور انواٸرنمینٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) سندھ کے ڈائریکٹر جنرل وقار حسین پھلپوٹو کی ہدایات پر سیپا سکھر کے افسران نے مختلف مقامات کے دورے کئے ۔
انواٸرنمینٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) سکھر کے ریجنل انچارج اجمل خان کی سربراہی میں مانیٹرنگ ٹیم نے ڈھک روڈ سکھر پر واقع مختلف ہول سیلرز اور سپر اسٹورز کا دورہ کیا جہاں دکانداروں کو پلاسٹک بیگز پر لگاٸی جانے والی پابندی کے بارے میں آگاہی دی گئی اور کابینہ کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ انواٸرنمینٹل پروٹیکشن ایجنسی سندھ نے واضح کیا ہے کہ فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔