سندھ حکومت سالانہ بجٹ میں عام لوگوں کو ریلیف فراہم کرے گی،میر اعجاز جكهرانی

84

سکھر۔ 30 مئی (اے پی پی):پی پی رہنما ایم این اے میر اعجاز خان جكهرانی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بجٹ میں عام لوگوں اور کسانوں کو ریلیف فراہم کرے گی ۔ سکھر میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر اعجاز خان جاکھرانی نے کہا کہ جب وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 110 فیصد اضافہ ہوتا رہا ہے، ایسا کبھی نہیں ہوا کہ حکومت سندھ مزدوروں، کسانوں، آبادگاروں اور کم آمدنی والے لوگوں کو ریلیف دینے میں پیچھے رہی ہو۔

سندھ حکومت عوام دوست ریلیف بجٹ پیش کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو بجٹ اجلاس میں عوامی مسائل پر پارٹی کا موقف پیش کریں گے، حکومت سندھ میں امن و امان کی بحالی کے لیے کوشاں ہے، سینئر صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ جب کہ نصراللہ گوانی کے قتل کی تحقیقات جاری ہیں، ببرلو میں حیدر مستوئی پر حملہ کرنے والوں کا احتساب ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے سب سے پہلے صوبہ سندھ میں صحافیوں کے تحفظ کا بل پاس کیا اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا، پیپلز پارٹی کی قیادت ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ شہید بینظیر بھٹو نے بھی صحافیوں کے حقوق اور آزادی اظہار کے لیے بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کی۔