سندھ حکومت ماحولیاتی تحفظ کیلئے پاکستان میں ایک نئی مثال قائم کر رہی ہے ،شرجیل انعام میمن

سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ماحولیاتی تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماحولیات کا تحفظ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے ہمیں ماحول دوست طرزِ زندگی کو فروغ دینا ہوگا۔

کراچی۔ 05 جون (اے پی پی):سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ماحولیاتی تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماحولیات کا تحفظ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے ہمیں ماحول دوست طرزِ زندگی کو فروغ دینا ہوگا۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ماحولیاتی تحفظ کے لیے پاکستان میں ایک نئی مثال قائم کر رہی ہے اور اس ضمن میں متعدد عملی اقدامات کیے گئے ہیں۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے پہلے مرحلے میں الیکٹرک (ای وی) بسیں متعارف کروا کے گرین ٹرانسپورٹ کے تصور کو عملی شکل دی جبکہ پاکستان میں پہلی بار ماحول دوست ای وی بسز اور ای وی اسکوٹیز بھی متعارف کروائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ جدید ٹرانسپورٹ نظام عوام کو آرام دہ، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی میں نمایاں کمی لانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں مزید سینکڑوں الیکٹرک بسوں کو عوامی ٹرانسپورٹ نظام کا حصہ بنانے کا منصوبہ بھی منظور کیا جا چکا ہے، جس سے نہ صرف شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ ماحول دوست نقل و حمل کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تحفظ ایک ساتھ آگے بڑھ سکتے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت عوام کو صاف، محفوظ اور پائیدار ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو مزید تیز کرے گی اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق گرین اور پائیدار ترقی کے سفر کو مزید آگے بڑھاتی رہے گی۔