لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ کے لیے ترمیمی روسٹر جاری

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ کے لیے ترمیمی روسٹر جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت پیر سے آٹھ ڈویژن بینچ مختلف نوعیت کی سول، فوجداری، ٹیکس، بینکنگ اور انسداد دہشت گردی مقدمات کی سماعت کریں گے

لاہور۔6جون (اے پی پی):چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ کے لیے ترمیمی روسٹر جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت پیر سے آٹھ ڈویژن بینچ مختلف نوعیت کی سول، فوجداری، ٹیکس، بینکنگ اور انسداد دہشت گردی مقدمات کی سماعت کریں گے جبکہ26 ججز سنگل بینچ کے طور پر اہم اور فوری نوعیت کی درخواستوں کی سماعت کریں گے۔ایڈیشنل رجسٹرار (جوڈیشل) سید شبیر حسین شاہ کی جانب سے جاری روسٹر کے مطابق چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ تمام نوعیت کی اپیلوں کی سماعت کرے گا۔جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں ڈویژن بینچ ٹیکس اور کمرشل نوعیت کی اپیلوں، جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں بینچ انسداد دہشت گردی مقدمات،جسٹس فیصل زمان خان کی سربراہی میں بینچ سول اپیلوں اور جسٹس شہرام سرور چوہدری کی سربراہی میں بینچ قتل اور اقدام قتل سمیت فوجداری اپیلوں کی سماعت کرے گا۔اسی طرح جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں ڈویژن بنچ قتل،اقدام قتل اور منشیات مقدمات کی اپیلوں،جسٹس احمد ندیم ارشد کی سربراہی میں بینچ سول اپیلوں جبکہ جسٹس حسن نواز مخدوم کی سربراہی میں بینچ ٹیکس ریفرنسز اور بینکنگ اپیلوں کی سماعت کرے گا۔جسٹس ملک اویس خالد کی سربراہی میں بھی ڈویژن بینچ سول اپیلوں کی سماعت کرے گا۔جاری کردہ روسٹر کے مطابق یہ انتظامات 4 جولائی تک نافذ العمل رہیں گے۔