صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہاہے کہ تیزاب گردی سے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو ائیرایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کردیاگیاہے
تیزاب گردی کا شکار لیڈی ڈاکٹر کو ائیرایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کردیاگیاہے، بخت محمد کاکڑ
کوئٹہ۔ 06 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہاہے کہ تیزاب گردی سے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو ائیرایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کردیاگیاہے ،
حکومت متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی مکمل صحت یابی تک ہر ممکن طبی اور انتظامی معاونت فراہم کرے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ بخت محمد کاکڑ نے کہاکہ وہ صورتحال کی ذاتی طورپر نگرانی کررہے ہیں ،اس سلسلے میں وہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال کوئٹہ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور تمام ترصورتحال سے آگاہی حاصل کررہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی بلوچستان کی ہدایت پر متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو مزید بہتر علاج کے لیے ائیر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کردیاگیاہے ،حکومت متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی مکمل صحت یابی تک ہر ممکن طبی اور انتظامی معاونت فراہم کرے گی، انہوں نے کہا کہ خواتین ڈاکٹرز، طبی عملے اور مریضوں کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس افسوسناک واقعہ میں ملوث عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔








