آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا
آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ،محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ہدایات
اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پرآئی جی اسلام آباد نے افسران کو محرم الحرام کی مناسبت سے بھرپور سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے، اپنے علاقوں میں امام بارگاہوں کے سکیورٹی انتظامات کو خود مانیٹر کرنے اور منتظمین سے مل کر محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ہدایات جاری کیں،
ضلع بھر کے تھانہ جات اور افسران کے دفاتر شہریوں کو بروقت سروسز کی فراہمی اور شکایات پر فوری دادرسی کو پہلی ترجیح پر رکھیں۔ منشیات اور اسلحے کے خلاف کارروائیوں کو منظم اور تیز کیا جائے۔ ہفتہ کو ترجمان اسلام آباد پولیس کےمطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہواجس میں اسلام آباد پولیس کے تمام ڈی آئی جیز، اے آئی جیز، ایس ایس پیز، ایس پیز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات، عوامی خدمت کی فراہمی، جرائم کے انسداد اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے محرم الحرام کے حوالے سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران اپنے اپنے علاقوں میں امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں اور منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں۔ انہوں نےہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے موثر نگرانی، مربوط سکیورٹی پلان اور فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے تاکہ عزاداران کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔آئی جی اسلام آباد نے مزید ہدایت کی کہ ضلع بھر کے تمام تھانہ جات اور پولیس دفاتر میں شہریوں کو بروقت اور معیاری خدمات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے، جبکہ موصول ہونے والی شکایات پر فوری دادرسی اورموثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے منشیات فروشوں، جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید منظم، موثر اور تیز کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔اجلاس میں سیف سٹی کے توسیعی منصوبوں، پولیس ویلفیئر اقدامات، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور تھانہ جات میں ایس آئی پی ایس پروٹوکول کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور ان کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی کی جائے۔ اس موقع پر مختلف شعبوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے افسران کو خصوصی ٹاسک بھی سونپے گئے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور بہترین پولیس سروسز کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔مزید برآں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت اسلام آباد پولیس اور نیشنل پولیس فائونڈیشن کے سینئر افسران کا ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود، رہائشی سہولیات، صحت کی معیاری سہولیات،تعلیمی مواقع، آئی ٹی پر مبنی جدید اقدامات اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید موثر بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران پولیس ویلفیئر منصوبوں کو مزید وسعت دینے، نیشنل پولیس فائونڈیشن اور اسلام آباد پولیس کے مابین باہمی اشتراک کو مضبوط بنانے، جاری فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور مستقبل میں پولیس ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا تاکہ ملازمین مزید جذبے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔








