اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) سابق وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اﷲ خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے سندھ فیسٹیول پر 78 کروڑ روپے خرچ کئے، وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کو رینجرز کے ساتھ سخت رویہ اختیار نہ کرنے پر پارٹی قیادت ناراض تھی، عمران خان کا کوئی علاج نہیں۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی تبدیلی سے سندھ میں کرپشن لوٹ مار پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، اگر بلاول بھٹو زرداری سندھ میں تبدیلی چاہتے ہیں تو واپنے والد اور پھوپھی کے فیصلوں کو صوبائی حکومت پر اثر انداز نہیں ہونے دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں 8 سال سے کرپشن اور لوٹ مار کی جا رہی ہے، لانچوں سے ڈالر اور پاﺅنڈ برآمد ہوئے ہیں، اس کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو دبئی بیٹھے ہوئے ہیں۔