اسلام آباد ۔ 28 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ خصوصاً کراچی کےعوام کی ترقیاتی ضروریات اور درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے اور وفاقی حکومت اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے گی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت کراچی میں وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر …
سندھ خصوصاً کراچی کے عوام کی ترقیاتی ضروریات اور مسائل کا مکمل ادراک ہے،وزیراعظم عمران خان کا جائزہ اجلاس سے خطاب
اسلام آباد ۔ 28 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ خصوصاً کراچی کےعوام کی ترقیاتی ضروریات اور درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے اور وفاقی حکومت اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے گی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت کراچی میں وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا اسد عمر، مراد سعید اور سینئر افسران شریک ہوئے اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کراچی سے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس کو صوبہ سندھ اور کراچی میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔گورنر سندھ نے وزیرِ اعظم کو کراچی کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بریف کیا۔ وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کے صوبہ سندھ اور خصوصاََ کراچی کے عوام کی ترقیاتی ضروریات اور درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے اور وفاقی حکومت اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں سیوریج، نکاسی آب اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے جامع پلان، تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے ساتھ، تشکیل دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وفاقی اداروں کو ہدایات دے دیں گئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ سے کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد کی صورتحال پر گفتگو ہوئی اور وفاق اور اس کے اداروں کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر اعظم نے زور دیاکہ کراچی پاکستان کا اہم ترین شہر ہے اور اس وقت درپیش ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروکار لائیں جائیں گے۔









