کراچی۔ 24 فروری (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین کی ہدایت پر سندھ فوڈ اتھارٹی حیدرآباد کی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر حیدرآباد فدا حسین کھوسو کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے ثمن آباد قاسم آباد کے ایک گھر سے ہزاروں کی تعداد میں مضر صحت جوس کے پیکٹ برآمد کرلئے۔ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے مضر صحت جوس بنانے کا خام مال قبضے میں لیکرجعلی جوس بنانے والی فیکٹری کے مالک یاسین شیخ، ملازم اصلاح الدین اور ارباب کوگرفتار کرلیا۔
اس موقع پر ایس ایچ او بھٹائی ٹائون اسلم آبڑو پولیس کی نفری کے ہمراہ موجود تھے۔اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر حیدرآباد فدا حسین کھوسو نے کہا کہ یہ مضر صحت جوس دکانوں اور بیکریز پر فروخت کیا جاتا تھاجس کی شکایات ملنے پر کارروائی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی کی واضح ہدایات ہیں کہ ملاوٹ شدہ اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف ہر سطح پر کارروائی کی جائے ۔