کراچی۔ 22 اکتوبر (اے پی پی):سندھ پریمیئر لیگ نے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کو لیگ کا سفیر مقرر کردیا۔
گورنر سندھ نے گورنر ہائوس میں اتوار کو منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اعتماد کے لئے ملک اسلم چیئرمین سندھ پریمیئر لیگ اور عارف ملک صدر سندھ پریمیئر لیگ کا مشکور ہوں۔گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ پریمیئر لیگ کے پروجیکٹ پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہونا چاہئے کہ ہم مسلمان ہیں اور پاکستانی ہیں، ہمیں وہ ترقی حاصل کرنی ہے جو دنیا کے پاس ہے،
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کام کرنے کے لئے اختیار کی نہیں ، کردار ، ارادے اور نیت کی ضرورت ہوتی ہے، اور مجھے یقین ہے کہ سندھ پریمیئر لیگ نئے ٹیلنٹ ابھارنے کے لئے اہم ثابت ہوگی، اور اس لیگ میں شامل تمام ٹیمیں بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کریں گی،
گورنر سندھ نے کہا کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال ہم سب کے سامنے ہے ، ملک نے ہمیِں عزت و شہرت دی اب اسے لوٹانے کا وقت ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس لیگ کے تمام اسپانسر مبارکباد کے مستحق ہیں، ایس پی ایل صوبہ سندھ کا نام روشن کرنے جارہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یہاں موجود سفارتکاروں کا مشکور ہوں کہ جب بلاتا ہوں گورنر ہاو س آتے ہیں۔