سنگاپور میں پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کی پرچم کشائی کی تقریب

پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان ہاؤس سنگاپور میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی، ہائی کمیشن کے افسران اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد ہائی کمشنر پاکستان رابعہ شفیق نے قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم لہرایا

سنگاپور ۔14اگست (اے پی پی):پاکستان کے80ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان ہاؤس سنگاپور میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی، ہائی کمیشن کے افسران اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا،

جس کے بعد ہائی کمشنر پاکستان رابعہ شفیق نے قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی دنیا بھر میں یوم آزادی آزادی، اتحاد اور قومی ترقی کے عزم کی تجدید کے ساتھ منا رہے ہیں۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت اور تحریک پاکستان کے لیے ان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی استقامت اور عزم ہماری قومی قوت کا مظہر ہے، پاکستان خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار جاری رکھے گا۔رابعہ شفیق نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی بیرون ملک پاکستان کی ثقافت اور مثبت تشخص اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کے امن، سلامتی، استحکام اور معاشی خوشحالی جبکہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔