پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) ہیڈکوارٹرز کراچی میں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ہیڈکوارٹرز میں یومِ آزادی کی تقریب

مزید خبریں
اسلام آباد/کراچی۔14اگست (اے پی پی):پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) ہیڈکوارٹرز کراچی میں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں (پی اے اے) ملازمین نے بڑی تعداد میں ملازمین اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز ڈائریکٹر ایچ آر، پی اے اے، عابد علی کی جانب سے قومی پرچم کشائی سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جمعہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر ڈائریکٹر ایچ آر نے ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ائیر وائس مارشل ذیشان سعید کا یومِ آزادی کے حوالے سے پیغام پڑھ کر سنایا۔ اپنے پیغام میں ڈائریکٹر جنرل نے پی اے اے کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے تحریکِ آزادی کے رہنماؤں اور وطن کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے اتحاد، محنت، لگن اور اجتماعی ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیا اور ملک بھر میں محفوظ، مؤثر اور معیاری ہوائی اڈوں کی خدمات کی فراہمی کے لیے پی اے اے ملازمین کی پیشہ ورانہ خدمات اور کاوشوں کو سراہا۔ تقریب میں کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی، جبکہ بچوں نے آزادی کی اہمیت اور قیامِ پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیوں کے حوالے سے تقاریر کیں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے زیرِ انتظام اسکولوں کے بچوں نے قومی نغموں کی دھن پر رنگا رنگ ٹیبلو پیش کیے۔ بچوں کی پُرجوش اور متاثرکن پرفارمنس نے تقریب میں حب الوطنی اور قومی جذبے کو اجاگر کیا، جسے حاضرین نے بھرپور سراہا۔بچوں کی پرفارمنس کے بعد ڈائریکٹر ایچ آر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بچوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نئی نسل میں آزادی کی قدر، وطن سے محبت اور قومی ذمہ داری کا شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر ایچ آر نے شریک اساتذہ اور طلبہ میں شیلڈز تقسیم کیں اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔تقریب کا اختتام قومی ترانے کے ساتھ ہوا، جس میں ملازمین، ان کے اہل خانہ، اساتذہ اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔پاکستان زندہ باد!







