سوال ہے کہ فل کورٹ کیوں نہیں؟مسئلہ پنجاب میں کسی کی حکومت کا نہیں ‘آئین اور انصاف کا ہے، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا پروٹوکول آفیسرپی آئی ڈی مقبول احمد کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار افسوس

اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سوال یہ ہے کہ فل کورٹ کیوں نہیں؟ ایک جیسے خط پر دو الگ الگ فیصلے کیوں؟ مسئلہ پنجاب میں کسی کی حکومت کا نہیں آئین اور انصاف کا ہے۔

منگل کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور چوہدری شجاعت کے ایک جیسے خطوط پر الگ الگ تشریح کیوں؟ آئین شکن عمران خان کے خط پر 25 منحرف ارکان کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں اور وہ ڈی سیٹ بھی ہوگئے اور ووٹ بھی نہیں گنا گیا، چوہدری شجاعت کے خط پر ووٹ دینے کی اجازت اور ووٹ شمار کیوں ہو۔

انہوں نے کہا کہ 3 اپریل کو عمران خان کے بطور پارٹی سربراہ خط کی تشریح اور 22 جولائی کو چوہدری شجاعت کے بھی بطور پارٹی سربراہ خط کی تشریح میں فرق کیوں؟ یہ کیسا انصاف ہے کہ عمران خان کی چٹھی حلال اور چوہدری شجاعت حسین کی حرام ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ اب پنجاب میں کسی کی حکومت کا نہیں ہے ، مسئلہ اب آئین اور انصاف کا ہے۔