سوتی دھاگہ کی برآمدات میں 33 فیصد اضافہ

99

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):ملک سے سوتی دھاگہ کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 33 فیصد کا اضافہ جبکہ سوتی ملبوسات کی برآمدات میں 8 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2023 سے لے کر اپریل 2024 تک کی مدت میں سوتی دھاگہ کی برآمدات سے ملک کو 846 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سوتی دھاگہ کی برآمدات سے ملک کو 637 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ اپریل میں سوتی دھاگہ کی برآمدات کا حجم 54 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اپریل کے مقابلے میں 15 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال اپریل میں سوتی دھاگہ کی برآمدات کا حجم 54 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سوتی ملبوسات کی برآمدات سے ملک کو 1.558 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 8 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سوتی ملبوسات کی برآمدات کا حجم 1.685 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اپریل میں سوتی ملبوسات کی برآمدات سے ملک کو 135 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ سال اپریل کے 147 ملین ڈالر کے مقابلے میں 8 فیصد کم ہے۔