سوشل میڈیا پر بھی درست عربی زبان کو رائج کیا جائے، خالد الفیصل

99

مکہ مکرمہ۔ 24 دسمبر(اے پی پی) گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر بھی درست عربی زبان کو رائج کیا جائے۔ سعودی اخبار کے مطابق گورنر مکہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آخری آسمانی کتاب کے لئے ہماری زبان عربی کا انتخاب کرکے ہمیں اعزاز بخشا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے آخری پیغمبر محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کو بھی ہمارے یہاں ہی مبعوث کیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان عربی بنائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ واحد زبان ہے جو ابتداء سے لے کر آج تک اپنی اصل شکل میں استعمال کی جارہی ہے۔ خالد الفیصل نے ان عربوں پر کڑی نکتہ چینی کی جو گفت و شنید میں عربی کے ساتھ غیر ملکی زبانوں کے مفردات استعمال کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ طریقہ کار متکلم کی ثقافت کا ترجمان ہے نہ عربی ثقافت کے عروج کا آئینہ دار۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ ہمیں عربی زبان کو معاشرے کی جملہ ضرورتوں کے اظہار کا حقیقی وسیلہ بنانے کیلئے اسے سوشل میڈیا پر بھی درست انداز میں رائج کرنا ہوگا۔