سولہ دسمبر 2014 کوعلم دشمنوں نے پشاور کے آرمی پبلک سکول پر حملہ کر کے ظلم و بربریت کی انتہا کی،سینیٹر روبینہ خالد

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ آج سے 11 سال قبل 16 دسمبر 2014 کو علم دشمنوں نے پشاور کے آرمی پبلک سکول پر حملہ کر کے ظلم و بربریت کی انتہا کی،اس افسوسناک دن دہشت گردوں نے ہمارے بچوں اور قوم کے مستقبل پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں پر حملہ گھناؤنا اور انسانیت سوز جرم …

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ آج سے 11 سال قبل 16 دسمبر 2014 کو علم دشمنوں نے پشاور کے آرمی پبلک سکول پر حملہ کر کے ظلم و بربریت کی انتہا کی،اس افسوسناک دن دہشت گردوں نے ہمارے بچوں اور قوم کے مستقبل پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں پر حملہ گھناؤنا اور انسانیت سوز جرم ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ یہ ایک دل سوز واقعہ تھا جس کی یاد ہمارے دلوں کو مضطرب کیے ہوئے ہے، سانحۂ اے پی ایس جیسے واقعات دہشت گردوں اور خوارج کا اصل چہرہ بے نقاب کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردوں کو کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گی، سانحۂ اے پی ایس نے ہمیں دہشت گردی کے خلاف بحیثیتِ قوم متحد کر دیا،پوری قوم ہمارے بچوں اور اساتذہ کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں شہداکے لواحقین کے ساتھ ہیں، یہ دن ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری قوم کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، ہماری سکیورٹی فورسز ان بزدل دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔