سونے کی قیمت میں سال 2024 کے دوران 23.9 فیصد اضافہ ہوا

634
Gold price reduced by Rs 1,400
Gold price reduced by Rs 1,400

اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):سونے کی قیمت میں سال 2024 کے دوران 23.9 فیصد اضافہ ہوا، اس دوران مقامی مارکیٹوں میں فی تولہ سونا کی قیمت 52ہزار 600 روپے بڑھ گئی ، دوسری جانب اس دوران 2024 میں بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 25.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سندھ صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 2023 کے خاتمہ پر سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 20ہزار روپے ریکارڈکی گئی تھی تاہم 2024 کے اختتام پر مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 2 لاکھ 72 ہزار 600 روپے فی تولہ رہی ہے۔ اس طرح گزشتہ سا ل کے دوران مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 52ہزار 600 روپے یعنی 23.9 فیصد کا اضافہ ریکارڈکیاگیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2023 کے اختتام پر فی اونس سونے کی قیمت 2ہزار 82 ڈالر تھی جبکہ سال 2024 کے خاتمہ پر بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 532 ڈالر یعنی 25.5 فیصد کے اضافہ سے 2614 ڈالر فی اونس تک بڑھ گئی۔سال 2024 کے دوران مقامی مارکیٹ میں سونے کی سب سے زیادہ قیمت اکتوبر میں ریکارڈکی گئی ، 30 اکتوبر کو فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 87 ہزار900 روپے تک پہنچ گئی جبکہ ا س دوران عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 2784 ڈالر تھی۔

اعدادوشمار کے مطابق سال 2024 میں مقامی مارکیٹ میں سونے کی سب سے کم قیمت2 لاکھ 10 ہزار 800 روپے فی تولہ 14 فروری کو ریکارڈ کی گئی جبکہ عالمی مارکیٹ میں اس روز سونے کی فی اونس 2ہزار 10 ڈالر رہی تھی۔ سندھ صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق قیمتوں میں اضافہ کے باعث سونے کی کاروباری سرگرمیوں میں 5 سے 10 فیصد سالانہ کمی ہوئی ہے۔

پاکستان سمیت بین الاقوامی منڈیوں میں سونے کی قیمت میں اضافہ کے بنیادی اسباب میں جغرافیائی و سیاسی تنازعات اور بین الاقوامی اقتصادی غیر یقینی کی صورتحال شامل رہی ہیں۔