ریاض ۔ 26 جنوری(اے پی پی) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سوڈان کا امن سعودی عرب کے امن و استحکام سے جڑا ہوا ہے، سوڈان اور اس کے عوام کی مدد ہمیشہ کی ہے آئندہ بھی کبھی اس کی مدد میں ادنیٰ فروگزاشت سے کام نہیں لیں گے۔ شاہ سلمان نے درپیش اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے سوڈانی عوام اور قیادت سے یکجہتی کے اظہار کیلئے سعودی وزراءکا ایک وفد خرطوم روانہ کیا۔ سوڈانی صدر عمر البشیر سے سعودی وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی، وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر نبیل العامودی اور وزیر مملکت برائے امور افریقی ممالک احمد قطان نے ملاقات کی۔ وزیر تجارت القصبی نے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ سعودی وفد خادم حرمین شریفین کی ہدایت پر سوڈان کے دورے پر آیا ہے۔ اس کا مقصد سوڈان کیساتھ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانا، تجارتی لین دین بڑھانا اور واضح لائحہ عمل تیار کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جلد ہی سعودی سرمایہ کار سوڈان کا دورہ کرینگے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب سوڈان کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 23 ارب ریال سے زیادہ کے قرضے دے چکا ہے۔