سوڈان میں متحارب دھڑوں کے درمیان ایک ہفتے کے لیے جنگ بندی کا معاہدہ

106

خرطوم۔21مئی (اے پی پی):سوڈان میں متحارب دھڑوں نے ہفتے کی رات کو ایک معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں جس کے تحت پیر سے سات دن کے لیے جنگ بند کر دی جائے گی۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سوڈان کی فوج اور نیم فوجی فورس کے درمیان مذاکرات کروانے والے ممالک سعودی عرب اور امریکا نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے وقت کے مطابق جنگ بندی کے معاہدے پر پیر کو رات 9 بجکر 45 منٹ پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔

اس سے قبل جنگ بندی کے متعدد سابقہ معاہدوں کی خلاف ورزی کی گئی تاہم تازہ معاہدے کو امریکا، سعودی عرب اور بین الاقوامی حمایت یافتہ نگرانی کے نظام کے تحت نافذ کیا جائے گا۔ مشترکہ بیان میں اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ جنگ بندی معاہدے میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی تقسیم، ضروری خدمات کی بحالی، ہسپتالوں اور ضروری عوامی مراکز سے فورسز کی واپسی پر بھی زور دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سوڈان کی فوج اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان لڑائی کے نتیجے میں نظم و نسق بگڑ چکا ہے خوراک، نقدی اور ضروری اشیا کے ذخیرے تیزی سے کم ہو رہے ہیں۔ بڑے پیمانے پر لوٹ مار نے بینکوں، سفارت خانوں، امدادی گوداموں اور یہاں تک کہ گرجا گھروں کو بھی متاثر کیا ہے امدادی تنظیموں نے کہا ہے کہ وہ محفوظ راستے اور عملے کے لیے حفاظتی ضمانتوں کی عدم موجودگی میں دارالحکومت خرطوم میں خاطر خواہ مدد فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔