سوڈان میں پاکستانی سفارتخانہ کی خرطوم میں منعقد ہونے والے چھٹے ایشیئن کلچرل فیسٹیول میں شرکت

91

اسلام آباد ۔ 9 دسمبر (اے پی پی) سوڈان میں پاکستانی سفارتخانہ نے خرطوم میں منعقد ہونے والے چھٹے ایشیئن کلچرل فیسٹیول میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاءکو پاکستانی کھانوں، موسیقی اور دستکاریوں سے متعارف کرایا گیا۔ ثقافتی میلے کا انعقاد چین، انڈونیشیا، جاپان، ملائیشیا، پاکستان، جمہوریہ کوریا، روس اور بھارت کے سفارتخانوں کے باہمی اشتراک سے کیا گیا۔ پیر کو خرطوم سے موصولہ پریس ریلیز کے مطابق سوڈان کے وزیر ثقافت نے ثقافتی میلے میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ تقریب میں سفارتکاروں اور ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والوں اور مقامی سوڈانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ میلے میں پاکستانی سفارتخانہ نے اپنا ثقافتی اور فوڈ سٹال قائم کیا۔ تقریب کے شرکاءنے پاکستانی مصنوعات میں خصوصی دلچسپی لی اور انہوں نے روایتی پاکستانی کھانوں کے ذائقوں کو سراہا۔ مزید برآں خرطوم میں رہائش پذیر پاکستانیوں کی جانب سے اس موقع پر نغمے، ڈانس، قوالی اور لوک موسیقی پیش کی گئی۔ اس کے علاوہ چین، انڈونیشیا، جاپان، ملائیشیا، جمہوریہ کوریا، روس اور بھارت نے بھی اپنے اپنے خصوصی سٹالز قائم کئے تھے۔ سوڈان میں پاکستان کے سفیر سرفراز سپرا نے لکی ڈرا کے ذریعے انعام جیتنے والے دو خوش نصیبوں کو روایتی پاکستانی تحائف سے نوازا۔