سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا گھناؤنا فعل انتہائی قابل مذمت ہے، یہ فعل بے ہودگی، اشتعال انگیزی اور اسلامو فوبیا پر مبنی ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور

172

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کا گھناؤنا فعل انتہائی قابل مذمت ہے۔ یہ فعل بے ہودگی، اشتعال انگیزی اور اسلامو فوبیا پر مبنی ہے۔ اتوار کو اپنے مذمتی بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اس واقعے سے کروڑوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی کارروائیوں کا آزادی اظہار رائے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کو اسلاموفوبیا اور عدم برداشت کے خلاف یکساں مؤقف اختیار کرنا چاہئے۔