سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ نے دو ارب سے زائد مسلمانوں کے احساسات اور جذبات کو بری طرح مجروح کیا ہے ، راجہ پرویز اشرف

145
Speaker National Assembly
Speaker National Assembly

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے دلخراش واقعہ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ نے دنیا بھر میں بسنے والے دو ارب سے زائد مسلمانوں کے احساسات اور جذبات کو بری طرح مجروح کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی مذہب بھی اس طرح کے قبیح اور گھنائونے فعل کی اجازت نہیں دیتا، یوم تقدس قرآن کے موقع پر ملک بھر میں احتجاجی ریلیوں اور جلوسوں میں عوام کی بھر پور شرکت اس واقعہ پر پاکستانی عوام میں پائے جانے والے غم و غصہ، قرآن کریم اور دین اسلام سے لازوال محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم تقدس قرآن پاک کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

سپیکر نے کہا کہ قرآن پاک ایک آفاقی کتاب ہے جو اللہ تعالیٰ کی جانب سے خاتم النبین حضرت محمد ؐ پر نازل ہوئی انسانیت سے محبت ، ایثار ، قربانی اور امن وآشتی کا درس دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اور تمام مذاہب کے ماننے والوں کے ساتھ امن و رواداری کا سلوک روا رکھنے کی تعلیمات دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن میں قرآن پا ک کی بے حرمتی کا پیش آنے والا واقعہ مختلف مذہب کے ماننے والوں کو ایک دوسرے سے دور کرنے اور ان کے دلوں میں ایک دوسرے کیلئے نفرتیں اور کدورتیں پیدا کرنے کی گھنائونی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اراکین پارلیمنٹ نے اس واقعہ کی بھر پور مذمت کی اور مذمتی قرار داد بھی منظور کی گئی ہے ۔ انہوں نے متعلقہ بین الاقوامی تنظیموں اور ریاستوں کو مقدس مذہبی شعائر کی بے حرمتی کو جرم قرار دینے کیلئے قانون سازی کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے اسلامی فوبیا کا مقابلہ کرنے کیلئے سفارشات مرتب کرنے اور مستقبل کی اجتماعی حکمت عملی واضح کرنے کیلئے او آئی سی کے اجلاس کا خیر مقدم کیا اور بین الاقوامی برادری پر بین المذہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مناسب اقدامات کرنے پر زور دیا ۔