فیصل آباد۔ 04 جنوری (اے پی پی):سٹرس فروٹ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ماہرین اثمار نے باغبانوں کو آگاہ کیا کہ نئے باغات لگانے کیلئے رواں ماہ جنوری کے دوران زمین کی تیار اور پودے لگانے کیلئے مناسب جگہوں کی نشاندہی کرکے 3مربع فٹ سائز کے گڑھے کھود لئے جائیں اور انہیں 15 دن کیلئے کھلا چھوڑ دیا جائے تاکہ بعد میں لگائے گئے نئے پودے بہتر ماحول میں افزائش پاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ماہ جنوری کے دوران گدھیڑی کے انڈوں کو دبانے کے علاوہ اس کے بچوں پر کیڑے مار زہر کاسپرے بھی کردیاجائے اور پیشگی اقدامات کے تحت تسلی بخش پودے خریدنے کیلئے اچھی نرسری کا انتخاب بھی کرلیاجائے۔انہوں نے رواں ماہ جنوری کے دوران ترشاوہ پھلو ں کے باغبانوں کو مالٹے، کنو، گریپ فروٹ، مسمی کی برداشت جاری اور بیمار، خشک و غیر ضروری شاخوں کی کانٹ چھانٹ کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہاکہ غیر ضروری شاخوں کو کاٹ کر تلف کردیاجائے نیز زیادہ کوہر والی راتوں میں باغات کو پانی لگانے سمیت دھواں بھی دیاجائے۔انہوں نے کہاکہ اگر ماہ دسمبر میں دیسی کھاد بمعہ فاسفورس، پوٹاش، زنک وغیرہ نہ ڈالی گئی ہو تو یہ کام رواں ماہ جنوری کے دوران مکمل کرلیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ ہمیشہ کھاد وغیرہ کو پودوں کے گرد تنوں سے دور اچھی طرح بکھیرتے ہوئے بذریعہ گوڈی زمین میں مکس کرکے بھرپور پانی لگادینا چاہیے تاہم کھاد ڈالنے کے بعد پانی کا وقفہ ایک ماہ تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مزید رہنمائی یا مشاورت کیلئے زرعی ماہرین یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتا ہے۔