اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) کاروباری رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنا کر اور کارپوریٹائزیشن کو پائیدار معاشی ترقی کا اہم ذریعہ قرار دے کر پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ایس ای سی پی نے مختلف سٹیک ہولڈرز کے ساتھ اپنے عزم برائے رسمی معیشت اور جامع ترقی کے تحت سٹریٹجک تعاون کا آغاز کیا ہے۔ جن میں وزارتیں، ریگولیٹری ادارے، سٹیٹ بینک آف پاکستان، لینڈ اتھارٹیز، بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں، چیمبرز آف کامرس، سمیڈا اور ڈیجیٹل بینکنگ کے ادارے بشمول ایزی پیسہ اور جاز کیش شامل ہیں۔ کاروبار کی رجسٹریشن کے لیے زیادہ سازگار ماحول پیدا کرنے کی غرض سے ان اداروں کو باضابطہ خطوط بھی جاری کیے گئے ہیں۔ یہ تعاون رسمی شعبے کی ترقی کے لیے کیا جا رہا ہے تاکہ شراکت دار ادارے ایس ای سی پی کے ساتھ رجسٹرڈ کمپنیوں کو ترجیح دیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کارپوریٹائزیشن کے فائدے بھی اجاگر کیے گئے ہیں جیسا کہ ذمہ داری سے تحفظ، اچھی ساکھ، کاروبار کو بڑھانے کے بہتر مواقع، سرمایہ حاصل کرنے میں آسانی، مستقل حیثیت، بہتر نظم و نسق، ٹیکس میں سہولت، ملکیت کی منتقلی میں آسانی اور برانڈ کا تحفظ وغیرہ۔
مزید برآں ایس ای سی پی کے تحت کام کرنے والی کمپنیوں کو ریگولیٹری نگرانی اور قانونی تقاضوں کی پابندی کے فوائد حاصل ہوتے ہیں جو ان کی ساکھ کو بہتر بناتے ہیں، خرید و فروخت سے متعلقہ خدشات کو کم کرتے ہیں اور معاہدوں پر عملدرآمد کو بھی یقینی بناتے ہیں۔ یہ مشترکہ طریقہ ایک شفاف، قابلِ نگرانی اور مؤثر معیشت کے فروغ میں مدد دیتا ہے۔ اس مشترکہ اقدام کو مضبوط کرنے کے لیے ایک عوامی آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔ جس میں سیمینارز، ورکشاپس اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو شامل کیا جا رہا ہے۔ اس مہم کا مقصد غیر رسمی شعبے کے اداروں کو مذکورہ سٹیک ہولڈرز کے ذریعے شامل کرنا اور ایس ای سی پی کے ڈیجیٹل اور آسان کاروباری رجسٹریشن عمل کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے ۔ ایس ای سی پی نے کہا ہے کہ ایسے اقدامات کاروبار کے باضابطہ ہونے میں رکاوٹیں دور کرتے ہیں اور پالیسیوں کو ہم آہنگ بناتے ہیں جس سے کاروباری سرگرمیوں کو با ضابطہ شکل دینے میں آسانی ہوتی ہے۔