سٹیٹ بنک نے افغانستان ریلیف فنڈ اکائونٹ کھولے جانے سے انکار کی خبروں کو بے بنیاد اور حقائق کے برخلاف قرار دے دیا

58
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔16جنوری (اے پی پی):سٹیٹ بنک نے افغانستان ریلیف فنڈ اکائونٹ کھولے جانے سے انکار کی خبروں کو بے بنیاد اور حقائق کے برخلاف قرار دیتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ اس حوالے سے وزارت خزانہ سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ افغانستان پر عالمی پابندیوں کے تناظر میں وزارت خارجہ کے ساتھ مل کراس کے مضمرات کا جائزہ لے۔

اتوار کو سٹیٹ بنک کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہےکہ 15 جنوری کو ایکسپریس ٹریبیون میں چھپنے والی خبر بے بنیاد اور خلاف حقائق ہے۔وزارت خزانہ سے کہا گیا ہے کہ وہ یہ دیکھیں کہ یہ مجوزہ فنڈ کسی عالمی ساکھ کے حامل ادارے یا بنکوں کے ذریعے افغانستان کو فراہم کئے جائیں گے۔

سٹیٹ بنک نے کہا کہ وزارت خزانہ سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ وہ بیرون ملک پاکستانی بنکوں کی برانچوں میں اس فنڈ کے اکائونٹ کھولنے کے حوالے سے ازسرنو غور کریں کیونکہ اوورسیز رانچوں میں اس فنڈ کے تحت اکائونٹ کھولنے سے قبل میزبان ملک کے ریگولیٹری اداروں کی ضروری اجازت درکار ہوگی جو کہ وقت کا ضیاع ہے۔

سٹیٹ بنک نے وضاحت کی کہ وزارت خارجہ امور کے ساتھ مشاورت کے بعد وزارت خزانہ اس نوٹیفکیشن میں ضروری تبدیلیوں پر غور کررہی ہے۔